پاکستان مونومنٹ میوزیم میں سید علی گیلانی کارنر قائم کردیا گیا

اسلام آباد:پاکستان مونومنٹ میوزیم(عجائب گھر) اسلام آباد میں سید علی گیلانی کارنر قائم کر دیا گیا ہے ۔

عجائب گھرمیں قائد اعظم محمد علی جناح ، شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال سمیت تحریک پاکستان کی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ کشمیری حریت پسند قائدمرحوم سید علی گیلانی کی یادوں کو محفوظ کیا گیا ہے ۔

سید علی گیلانی کارنر میں ان کے زیر استعمال چیزیں موجود ہیں وہ جائے نماز جس پر وہ نماز پڑھتے تھے اور وہ قرآن پاک جس کا وہ مطالعہ کرتے تھے کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے پاکستان مونومنٹ میوزیم اسلام آبادکے مغرب کی سمت میں واقع شکر پڑیاں کی پہاڑی پر واقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مزاحمت کے عظیم استعارہ سید علی گیلانی کی برسی آج ،کشمیرعوام کا مشن مکمل کرنے کا اعادہ

وفاقی وزارت ثقافت پاکستان کے زیر انتظام اس عوامی یادگار کاسنگ بنیاد25مئی 2004 کو رکھا گیا تھااور اس کی تعمیر23مارچ 2007 کو پایہ تکمیل کو پہنچی تھی ۔

اس قومی یادگار کو تحریکِ آزادی پاکستان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اورقیامِ پاکستان کی جدوجہد میں اپنی زندگیاں وقف کرنے والے مجاہدین کی یاد میںبنایا گیا۔

میوزیم میں قیام پاکستان سے متعلق جدوجہد کرنے والے ہیروز کی قربانیوں کو مرحلہ وار تاریخی حقائق کے حوالے سے دکھایا گیا ہے یکم ستمبر کو سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پرسید علی گیلانی کارنر قائم کیا گیا ہے ۔

پیر کو آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر راجہ محمد مشتاق نے پاکستان مونومنٹ کے سید علی گیلانی کارنر کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سید علی گیلانی کی یادوں کو محفوظ کرنے کیلئے یہ کارنر ایک ایسا عظیم کارنامہ ہے جو نسل نو کیلئے ایک مسلسل رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہو گا ۔