مظفرآباد (کشمیرڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گزشتہ روز آٹھمقام بازار میں کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کا جائزہ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید شجاعت حسین نقوی کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گزشتہ روز آٹھمقام بازار کا دورہ کیا۔ کارروائی کے دوران دکانوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس میں صفائی ستھرائی، ذخیرہ اندوزی اور معیاری اصولوں کی جانچ پڑتال کی گئی ۔
معائنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 22 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ ایک غیر رجسٹرڈ کمپنی کی نشاندہی بھی کی گئی جس کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کھوئی رٹہ، فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی ، گوشت فروش دکانیں سیل، 4 من ناقص گوشت تلف
فوڈ اتھارٹی نے موقع پر ہی 12 ہزار روپے مالیت کا غیر معیاری سامان تلف کردیا اور متعدد دکانداروں و فوڈ ہینڈلرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے ایسے معائنے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔



