مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر فلور ملز کو گندم کا کوٹہ نہ دینے کی پاداش میں چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خوراک آزاد کشمیر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ، فریقین کو نوٹسز جاری ، سماعت 10 ستمبر کو ہوگی ۔۔
ہائی کورٹ آزاد کشمیر میں مظفرآباد فلور اینڈ جنرل ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے ڈائریکٹر خواجہ امتیاز احمد کے ذریعے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور سیکرٹری خوراک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں کہا کہ کمپنی 2012ء کے حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت قائم ہوئی اور کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت رجسٹرڈ ہے۔ ہائی کورٹ نے 16 ستمبر 2024ء کو حکم دیا تھا کہ نئے فلور ملز کو گندم کوٹہ الاٹ کیا جائے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ اس کے باوجود محکمہ خوراک نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کیا اور سمری تاحال زیر التوا رکھی، جس کے نتیجے میں کمپنی کو بھاری مالی نقصان اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر ذمہ دار افسران کو سزا دی جائے تاکہ قانون کی عملداری یقینی ہو سکے۔
آج اس کیس کی سماعت جسٹس چوہدری خالد رشید کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ آئندہ سماعت کے لیے مقرر کیا۔ کیس کی اگلی سماعت 10 ستمبر 2025 کو ہو گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر:طوفانی بارشیں، طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ ، خطرناک انتباہ جاری




