(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف نے نااہل قرار دیے گئے ارکان کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ اور لاہور کے حلقہ این اے 129 میں انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور سیاسی معاملات مزید مشاورت کے لیے کمیٹی کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کی روزانہ سماعت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس عمل سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔
سیاسی کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہل قرار پانے والے ارکان کو پارٹی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے اور ان کو ناحق سزائیں پانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، اس لیے ان حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 میں میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار کھڑا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی آبی جارحیت سے کرتارپور زیر آب، گوردوارہ کرتارپور صاحب متاثر
مزید برآں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفے دینے کا اعلان کیا ہے، جب کہ ارکان اسمبلی کو تمام قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفیٰ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔




