ٹرمپ نے چار بار فون کیا مگر مودی نے جواب نہ دیا: جرمن اخبار کا انکشاف

(کشمیر ڈیجیٹل) جرمن اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے چار مرتبہ فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن مودی نے ان کی کالز کا جواب نہیں دیا۔

جرمن اخبار فرینکفرٹر الگمائنے کے مطابق یہ رویہ نئی دہلی کے شدید غصے اور احتیاط کی علامت ہے، جو اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کیا، جو برازیل کے بعد کسی بھی ملک کے لیے سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس پیشرفت نے واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات میں کشیدگی کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

اسی حوالے سے امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ صحافی مائیکل کوگلمین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی ٹرمپ نے مودی سے بارہا رابطے کی کوشش کی اور مودی نے بات کرنے سے انکار کردیا تو اس کا مطلب ہے کہ نہ صرف حکومت سے حکومت کا تعلق بلکہ دونوں رہنماؤں کا ذاتی تعلق بھی کسی بحران سے گزر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں آشوب چشم کی وبا پھیل گئی، سینکڑوں شہری متاثر

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔ بھارت نے امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہیں کی تھی جس کے بعد صدر ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف 50 فیصد کردیا تھا۔ دوسری جانب ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت کشیدگی میں ثالثی کے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں، تاہم بھارت اس کو ماننے سے انکار کرتا ہے۔

Scroll to Top