آزادکشمیر،واٹریوز چارجز سے متعلق مسائل حل کیلئے 5رکنی تکنیکی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد :وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثنااللہ خان کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں”واٹر یوز چارجز” سے متعلق مسائل کے حل کے لئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں مسائل کے حل کیلئے متعدد اقدامات پر غور کیا گیا۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اجلاس میں حکومت آزاد کشمیر کے سینئر وزیر وقار احمد نور، وزیر توانائی چوہدری ارشد، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، ایم ایل اے چوہدری یاسین، وزیر بلدیات فیصل راٹھور، ڈاکٹر نجیب نقی، ایم ایل اے شاہ غلام قادرنے شرکت کی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویژن ملک ابرار احمد، رکن کوآرڈینیشن کمیٹی مشتاق منہاس، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالرحمان آرائیں ن لیگ کی رابطہ کمیٹی برائے آزادکشمیر کے ممبر نامزد

اجلاس کے دوران تمام شرکاء نے پانی کے نرخوں سے متعلق مسائل پر اپنی اپنی آراء پیش کیں جبکہ وزارت توانائی آزاد کشمیر نے ان معاملات کا پس منظر، موجودہ صورتحال اور حل سے متعلق تجاویز پر مبنی پریزنٹیشن دی۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ان دیرینہ مسائل کا جلد اور پائیدار حل نکالا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ خان نے تمام سٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کی سربراہی میں پانچ رکنی ادارہ جاتی تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جو پانی کے نرخوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی تجزیہ کر کے اپنی سفارشات پیش کریگی۔

اجلاس میں یہ اتفاق کیا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر واٹر چارجز سمیت دیگر مسائل فریم کر کے دو ہفتوں میں کمیٹی کو فراہم کرے گی تاکہ کمیٹی کی آئندہ میٹنگ میں قابل عمل سفارشات بنائی جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم جہلم پراجیکٹ کی بندش، منگلا ڈیم زمینوں سے متعلق کیسز پر سینیٹ کمیٹی برہم

سٹیئرنگ کمیٹی کے تمام اراکین نے ان فیصلوں سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں مسئلے کے حل کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔

رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر زور دیا کہ حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان کے تمام متعلقہ ادارے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کا جلد از جلد اور پائیدار حل نکالیں تاکہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔

Scroll to Top