یوم یکجہتی کشمیر پرعسکری قیادت کا پیغام

 چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروس چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نےیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادرعوام کی ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہائیوں سے ظلم و جبر، ریاستی سرپرستی میں ہونے والے مظالم اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورکمانڈر کانفرنس، کشمیریوں کی مکمل حمایت کا عزم

عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ جبر کے خلاف ان کی استقامت پورے پاکستان کے لئے جرات اور حوصلے کی علامت ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج نے مقبوضہ وادی میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بشمول ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی حراستوں کی شدید مذمت  کی ہے۔

یہ مظالم بھارت کی بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق سے صریح لاپرواہی کو ظاہر کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لیں اور ان کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

پاکستان کی مسلح افواج کشمیر کے جائز اور منصفانہ مقصد کے ساتھ اپنی وابستگی پر قائم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے فرض کو نبھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے حق آزادی و وقار کے حصول میں ان کے ساتھ ہیں۔

 

Scroll to Top