پاکستان بھر میں موسلا دھار بارشیں اور سیلابی صورتحال

(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں مون سون بارشوں نے صورتحال سنگین بنا دی۔ مظفرآباد، وادی نیلم اور لیپہ ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں تباہی:

خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر کے مطابق 218 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے متاثرہ خاندانوں میں معاوضے کی تقسیم شروع کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اعلان کے مطابق فی شہید 20 لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے کوٹ گوکند کے تباہ شدہ مکان سے ایک کمسن بچی کو زندہ نکالا، جس کے 9 اہل خانہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

سوات اور مالاکنڈ میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکول 25 اگست تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ صوابی، شانگلہ اور سوات کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے ریسکیو آپریشن جاری ہیں، انجینئرنگ کور نے کئی رابطہ سڑکیں بحال کردیں اور میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں مفت ادویات اور ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

بلوچستان میں بارشیں اور شاہراہ بند:

بلوچستان کے ضلع کچھی میں بی بی نانی کے مقام پر موسلا دھار بارش کے بعد کوئٹہ-سبی شاہراہ بند کردی گئی۔ ہرنائی اور خضدار سمیت مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے بعد تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں لسبیلہ، آواران، گوادر، پنجگور اور دیگر علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سندھ اور کراچی کی صورتحال:

کراچی میں منگل کی صبح گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس اور شارع فیصل سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سندھ کے اضلاع دادو، بدین، شکارپور، کشمور، نوشہرو فیروز، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مزید اسپیل کی پیشگوئی کی ہے۔

حکومت کے اقدامات:

خیبرپختونخوا حکومت نے سیکریٹری بلدیات ثاقب رضا اسلم کو مالاکنڈ ڈویژن میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ ان کے ماتحت محکمے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کا ڈیٹا جمع کریں گے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ تیار کریں گے۔

عالمی برادری کا ردعمل:

پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں پر اقوام متحدہ، امریکا، چین، ایران اور سعودی عرب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اگر پاکستان مدد طلب کرے تو عالمی ادارہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ چین کے وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو تعزیت کا پیغام بھیجا اور عوام کی جلد بحالی کی امید ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

Scroll to Top