(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے عدالت العالیہ کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوگا اور یہ ثابت ہوا ہے کہ آزادکشمیر کی عدلیہ اہم معاملات میں حق و انصاف پر مبنی عوام دوست فیصلے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹہ سسٹم میرٹ کے منافی تھا اور پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف تھا، جو اپنے بہتر مستقبل کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دینا چاہتے تھے۔ اس وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی جنم لے رہی تھی، لیکن عدالت کا یہ فیصلہ ان کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم حادثہ: سیاحوں کی جیپ کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق
راجہ فاروق حیدر خان نے اس کیس کی پیروی کرنے والے وکلا کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے نوجوانوں کا مقدمہ بہترین انداز میں عدالت کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوگا اور معاشرے میں صلاحیت کی بنیاد پر یکساں ترقی کے مواقع فراہم ہوں گے۔