مظفر آباد: دریائے نیلم کے بہائوکو دیکھ کر ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیاہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ شہری دریا کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور دریا کے قریب رہائشی محفوظ مقام پرمنتقل ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نیلم اور پٹہکہ نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور کلائوڈ برسٹ کے بعد دریائے نیلم میں پانی کے بہائو میں اضافہ ہوگیا ہے جس پر انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان : تباہ کن سیلاب،بچی سمیت7 افرادلاپتہ،متعدد سیاح پھنس گئے
اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین گیلانی نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ لکڑیاں پکڑنے کیلئے جمع ہوئے تھے ، اب ہم نے پولیس کو الرٹ کردیا ہے اور لوگوں کو بتایا ہے دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کسی بھی سانحہ سے بچا جائے لوگوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔