’’ملک کا تحفظ ہر حال میں ترجیح رہے گا‘‘ مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یومِ آزادی ہماری قومی وحدت، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔

اس پرمسرت موقع پر ہم اپنے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادی کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

یہ بھی پڑھیں:یوم آزادی،معرکہ حق میں فتح کا جشن، اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب کا آغاز

پاک افواج نے اپنے بیان میں اُن مدبر رہنماؤں، بزرگوں اور سپاہیوں کو بھی سلام عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور ایک خودمختار ریاست کا خواب حقیقت بنایا۔ یہ قربانیاں آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ، آئین کی پاسداری اور قومی تشخص کی حفاظت ہر حال میں اولین ترجیح رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اور افواجِ پاکستان کا ناقابلِ تسخیر رشتہ ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

آئیے اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر امن، ترقی اور اتحاد کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں اور ’’ایمان، اتحاد، قربانی‘‘ کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب بڑھیں۔

Scroll to Top