ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ کرا دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ کرا دیا،آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیراعظم نے معاہدےپر دستخط کئے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا نے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرلیے، دونوں ممالک تجارت اور معیشت کو ترجیح دیں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک بڑی جنگ کی طرف جارہے تھے، میں نے دونوں ممالک سے کہا لڑائی نہیں تجارت کرو، آذربائیجان اور آرمینیا کے لیڈرز نے یقین دہائی کرائی کہ وہ جنگ نہیں لڑیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک سے ٹیکنالوجی معاہدوں میں اےآئی ڈیلز شامل رہیں گی۔ میں جنگیں نہیں چاہتا، امن اور تجارت چاہتا ہوں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا بندکرانے کر کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ایٹمی جنگ میں نے رکوئی۔روس اور یوکرین کے صدور جلد ملاقات کرینگے۔

آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر کہا کہ ہم امریکا کیساتھ سٹریٹجک پارٹنر شپ قائم کرنے جا رہےہیں جبکہ آرمینیا کے وزیراعظم نے بھی معاہدے کو تاریخی قراردیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو وارننگ دیدی

خیال رہےکہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1980 کی دہائی سے سرحدی علاقے نگورنو کاراباخ پر قبضے کا تنازع چل رہا ہے۔

سویت یونین سے آزادی حاصل کرنے والی دو سابق ریاستوں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 6 سالہ جنگ 1994 میں اختتام پزیر ہوئی تھی۔

جنگ کے نتیجے میں آرمینیا نے نگورنو کاراباخ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا تاہم 2020 میں آذربائیجان نے دوبارہ کچھ حصہ واپس لے لیا تھا۔

پھر اکتوبر 2023 میں نگورنو کاراباخ میں ایک بار پھر آذربائیجان کی جانب سے آپریشن شروع کیا گیا جس کے باعث نگورنو کاراباخ کے علیحدگی پسند غیر مسلح ہونے پر مجبور ہو گئے اور انہوں نے حکومت تحلیل کرنے اور آذربائیجان کے ساتھ الحاق کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Scroll to Top