مظفر آباد:وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت جشن آزادی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے قومی تقریب کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور ، وزرائے حکومت چوہدری اظہر صادق ، چوہدری قاسم مجید ، چوہدری ارشد حسین ،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان اور دیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر بھر میں 14 اگست / یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ، آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے ، بڑے شہروں کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچموں سے سجایا جائے گا ۔
مرکز، ضلعی اور تحصیل سطح پر پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ، جن میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کریگی، اس مناسبت سے ،14اگست یومِ آزادی کی مناسبت سے ہفتہ جشن آزادی کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔
ہفتہ جشن آزادی یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔
ان تقریبات میں ملی نغمے، تقریری مقابلے، فیسٹیول کے ساتھ ساتھ چراغاں ، برقی قمقوں ، سبز ہلالی اور آزادکشمیر کے پرچم سے قومی عمارات ، عوامی گزرگاہوں اور شہروں کو سجایا جائے گا،کھیلوں کے خصوصی مقابلوں کا نعقاد کیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ:شوٹنگ بال ٹورنامنٹ نے جشن آزادی کو قومی اجتماع میں بدل دیا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست / یوم آزادی کے موقع پر تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات ، سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔
14اگست / یوم آزادی کی مرکزی تقریب مظفرآباد میں منعقد ہوگی جس میں سیاسی ، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے قائدین اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کے موقع پر شہداء کے مزارات پر خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے خصوصی پروگرامات میں شہداء کی فیملیز کو مدعو بھی کیاجائیگا۔
14 اگست / یوم آزادی کی تقریبات میں سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سول سوسائٹی ، عوام ، طلبہ و طالبات ، سوشل ایکٹویسٹ سمیت ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی خصوصی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم ویلی، پاک فوج کے اشتراک سے معرکہ حق وجشن آزادی کی تقریبات شروع
موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور قومی تقریب کمیٹی کی جملہ انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزادی کی منزل کے حصول کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں ، مملکت خداداد پاکستان کو قائم کرنے اور بعداز اس کے وجود کو برقرار رکھنے کے لیے انگنت قربانیاں دی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری 14 اگست کے موقع پر قومی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، پاکستان ہے تو ہم ہیں ، نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار کشمیری عوام اپنے پاکستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر 14 اگست کو بھرپور انداز میں منائیں گے ۔




