پی آئی اے کے سفر پر برطانوی ہائی کمشنر کا خیرسگالی کا اظہار، اعزازی ہواباز کا اعزاز بھی ملا

(کشمیر ڈیجیٹل)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ساتھ اپنے حالیہ سفر کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ قومی ایئرلائن کے تجربے کو سراہتی دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں جین میریٹ نے بتایا کہ انہوں نے کراچی سے اسلام آباد تک پی آئی اے کی پرواز میں سفر کیا اور جلد ہی وہ اسی ایئرلائن کے ذریعے براہ راست مانچسٹر کا سفر کرنے والی ہیں۔ انہوں نے پی آئی اے کے عملے اور سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

جہاز کے سفر کے دوران، جین میریٹ کو کاک پٹ کا خصوصی دورہ کروایا گیا جہاں کپتان نے انہیں پرواز کے مختلف پہلوؤں سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ برطانوی ہائی کمشنر، جنہیں ہوابازی سے خاص دلچسپی ہے، اس موقع پر خاصی خوش دکھائی دیں۔

پی آئی اے کے سی ای او نے جین میریٹ کو اعزازی ہواباز کا درجہ دیتے ہوئے انہیں کپتان کی کیپ پیش کی، جسے جین میریٹ نے عزت افزائی کے طور پر قبول کیا۔ انہوں نے پی آئی اے کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب سی ای او پی آئی اے نے جین میریٹ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی میں مثبت کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔