(کشمیر ڈیجیٹل)امریکہ میں منعقد ہونے والے عالمی سطح کے سب سے بڑے کمپیوٹر سائنس مقابلے انٹرنیشنل اولمپياد اِن انفارمیٹکس (IOI 2025) میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے احمد عمران ملک نے برونز میڈل حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
یہ بین الاقوامی مقابلہ دنیا بھر کے ذہین ترین نوجوانوں کے مابین کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں منعقد ہوتا ہے، اور پاکستان کی جانب سے منتخب کیے گئے چار طلبہ میں احمد عمران ملک وہ واحد طالبعلم تھے جن کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔
احمد ملک کا تعلق ضلع باغ آزاد کشمیر کے محلہ خواجگان سے ہے۔ وہ اس وقت لاہور میں واقع سندر سسٹم سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے باغ سے حاصل کی اور پھر ملک کے ٹاپ تعلیمی ادارے میں داخلہ لیا۔ان کی اس شاندار کامیابی کے پیچھے جہاں تعلیمی اداروں کی محنت ہے وہیں ان کے والد ملک عمران کی مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی بھی شامل ہے، جنہوں نے بچپن سے ہی احمد کو کمپیوٹر کی دنیا سے روشناس کرایا۔
احمد عمران ملک کو پاکستان اولمپيڈ اِن انفارمیٹکس (POI) کے سخت ترین انتخابی عمل سے گزر کر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا، اور ٹاپ فور میں آ کر پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس سال پاکستان کی ٹیم نے کل چار برونز میڈلز حاصل کیے جن میں احمد بھی شامل ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ احمد کی کامیابی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، لیکن انہیں نکھارنے کے لیے مقامی سطح پر اداروں اور جدید مواقع کی شدید کمی ہے۔
حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ احمد جیسے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے، اور آزاد کشمیر میں ایک نیشنل لیول کا ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے تاکہ یہاں کے طلبہ کمپیوٹر سائنس سمیت جدید علوم میں ترقی کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں شادی شدہ جوڑوں کے لیے گرین کارڈ قوانین مزید سخت، جعلی شادیوں کی جانچ سخت کر دی گئی
احمد عمران ملک کی یہ شاندار کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے اور اس بات کا واضح پیغام کہ اگر مواقع دیے جائیں تو کشمیر کا نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوا سکتا ہے۔