ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم سردارعبدالقیوم خان نیازی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سید ذیشان حیدر نے شدید مذمت کی اور ریاست گیر احتجاج کا اعلا ن کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق سید ذیشان حیدر نے چکار میں ایک ہنگامی میڈیا ٹاک کے دوران سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی بلاجواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر میں ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو پی ٹی آئی کی طرف سے کیا جانے والا تاریخی احتجاج، جو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے، چیئرمین عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری اور پاکستان میں آئین و جمہوریت کی بحالی کے لیے منعقد ہونے جا رہا ہے ، اُس سے خوفزدہ ہو کر موجودہ انوار سرکار نے یہ بزدلانہ اور گھٹیا اقدام کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:قبل از الیکشن کا ن لیگی مطالبہ مایوسی،فاروق حیدر سرکاری وسائل استعمال سے گریز کریں، ذیشان حیدر
سید ذیشان حیدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم گرفتاریوں اور جیلوں سے ڈرنے والے نہیں۔ ظلم اور فسطائیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہمارا آئینی، جمہوری اور قومی فریضہ ہے ۔ 5 اگست کا احتجاج کشمیری عوام اور پاکستانی قوم کے ضمیر کی آواز ہے، جسے کوئی طاقت دبا نہیں سکتی ۔
انہوں نےکہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی جیسے قدآور سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانا ایک غیر اخلاقی، غیر جمہوری اور انتقامی عمل ہے جو نہ صرف اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے بلکہ اس سے کشمیری عوام کی امنگوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
اس موقع پر پی ٹی آئی حلقہ چھ کے چیف آرگنائزر وقار شیخ ، ڈویژنل سینئر نائب صدر آصف اقبال مغل ، تحصیل چکار کے صدر عارف ڈار ، ناصر اعوان ، حمزہ میر، دانیال چوہدری ، توفیق چوہدری ، راجہ فہد مجید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے جنہوں نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے گرفتاری کی پرزور مذمت کی اور ریاست گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ۔




