میرپور کی کوڑا دان سروس ناکامی کے دہانے پر، شہر گندگی کا شکار

(کشمیر ڈیجیٹل)میرپور میں سرکاری سطح پر شروع کی گئی کوڑا دان سروس ناکامی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث شہر بدترین گندگی کا شکار ہو چکا ہے۔ انتظامیہ اور شہریوں کی عدم دلچسپی نے اس منصوبے کو غیر مؤثر بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میرپور میونسپل کارپوریشن اور SIMUNH کے باہمی اشتراک سے گزشتہ برس اکتوبر میں شہر کے مختلف علاقوں میں ریاست کی پہلی باقاعدہ کوڑا دان سروس کا آغاز کیا گیا تھا، جسے شہری صفائی کے بہترین ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ ہزاروں کوڑا دان نصب کیے گئے اور شیڈول کے مطابق صفائی کی سہولت فراہم کی جا رہی تھی۔

تاہم، ضلعی انتظامیہ اور مقامی حکومت کی مبینہ غفلت کے باعث اب تک شہر کے صرف 10 فیصد بازاروں اور سیکٹرز میں ہی یہ سہولت فراہم کی جا سکی ہے۔ نہ تو اس سروس کو وسعت دینے کے لیے کوئی حکمت عملی اپنائی گئی، نہ ہی کارکردگی میں سستی پر کوئی نوٹس لیا گیا۔

شہریوں کی جانب سے بھی تعاون نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ کوڑا دان استعمال نہ کرنے اور سڑکوں، نالیوں اور خالی پلاٹوں میں کوڑا پھینکے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بدبو اور گندگی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب تک کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز نےٹی 20 سیریز کےسنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو شکست دے دی، سیریز برابر

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، کوڑا دان سروس کو وسعت دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ میرپور کو دوبارہ صاف اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔

Scroll to Top