صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس کل بروز منگل طلب کر لیاہے۔
قانون سازاسمبلی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی اجلاس کل 4 فروری بروز منگل دن ساڑھے11 بجے سول سیکرٹریٹ بلاک 12 میں ہوگا۔
یاد رہے کہ 5 فروری بروز بدھ پاکستان اور آزادکشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جائیگا، اس سلسلہ میں آزادکشمیر کے تما م انٹری پوائنٹس پر ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔
آزادکشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز، سکولزاور کالجز میں بھی تقریبات ہونگی، اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سے ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کوٹلی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والا پاکستانی نژاد برطانوی باکسرآدم عظیم عالمی چمپئن بن گیا
ریلی میں اراکین پارلیمنٹ، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اسمبلی و کشمیر کونسل کے ممبران، تمام صوبوں کے نمائندوں، طلبہ، میڈیا نمائندوں اور سول سوسائٹی کو مدعو کیا کیا گیا ہے۔
یوم یجہتی کشمیر کے موقع پر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف متعدد قراردادوں کی منظوری اور وفاق سے بھی اہم شخصیت کی شرکت متوقع ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں تقریبات کاانعقاد کیاجائیگا،ریلیوں، سیمینارز میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائیگا۔