آزاد کشمیر میں 20 جولائی سے شدید مون سون اسپیل کا امکان، ایس ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

آزادکشمیر میں 20 جولائی سے مون سون کے چوتھے اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ اسپیل 25 جولائی تک جاری رہے گا، جس میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ممکنہ طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری و دیہی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔

ایس ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی ریسکیو اور ایمرجنسی ریسپانس پلانز کو مکمل طور پر فعال رکھیں۔ ہائی رسک علاقوں میں فوری طور پر ٹیمیں تعینات کی جائیں اور مشینری کو ہر وقت تیار رکھا جائے۔ اسکولز، اسپتالوں اور دیگر حساس عمارات کی نگرانی بھی فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریسکیو 1122، ایس ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ندی نالوں، دریاؤں اور پلوں کے قریب عوامی نقل و حرکت کو محدود کیا جائے اور جہاں لینڈ سلائیڈنگ یا طغیانی کا خطرہ ہو، وہاں کے راستوں کو وقتی طور پر بند کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ایس ڈی ایم اے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں کی طرف۔ ندی نالوں، دریاؤں یا پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب ہرگز نہ جائیں۔ اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

سیاح حضرات کو خصوصی طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کیے بغیر سفر نہ کریں۔ پہاڑی علاقوں اور آبشاروں کے قریب کیمپنگ یا قیام سے مکمل پرہیز کریں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔

ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ رواں سال کل 8 مون سون اسپیلز متوقع ہیں، اور یہ چوتھا اسپیل شدید نوعیت کا ہو سکتا ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا، ریڈیو اور آفیشل ذرائع سے تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔

ایمرجنسی کی صورت میں ایس ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 05822-921643 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے ادارے کی ویب سائٹ www.sdma.gov.pk ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردار تنویر الیاس کی راجہ ذوالقرنین سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر مشاورت

“ہوشیار رہیے، محفوظ رہیے!”

Scroll to Top