چیئرمین تعلیمی بورڈ نذر حسین کی مدت ملازمت میں توسیع سیاسی وابستگی یا کارکردگی؟کئی سوالات اٹھنے لگے

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز،سفیر رضا چغتائی)حکومت آزادکشمیر نے چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور چودھری نذر حسین کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع کر دی۔

اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس کے مطابق چودھری نذر حسین بدستور اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق چیئرمین بورڈ کو یہ توسیع وزیر اعظم آزادکشمیر کی خصوصی سفارش پر دی گئی، کیونکہ چودھری نذر حسین حکومتی حلقوں، خصوصاً وزیر اعظم کے قریبی ساتھی تصور کئے جاتے ہیں۔

چوہدری نذر حسین کی موجودہ مدتِ ملازمت کی تکمیل پر نئے امیدواروں کی بجائے انہی کو توسیع دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر سیاسی اور تعلیمی حلقوں میں مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

اس فیصلے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ حامیوں کا مؤقف ہے کہ چودھری نذر حسین نے بطور چیئرمین اپنے دور میں تعلیمی بورڈ میں نظم و ضبط، شفافیت اور امتحانی نظام میں اصلاحات جیسے قابل قدر اقدامات کیے، جس کے باعث ان کی توسیع ایک درست اور ضروری فیصلہ ہے۔

تاہم ناقدین اور اپوزیشن جماعتیں اس فیصلے کو میرٹ اور شفافیت کے برعکس قرار دیتے ہوئے اسے کھلی سیاسی سرپرستی کا نتیجہ قرار دے رہی ہیں۔

اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تعلیم جیسے حساس اور اہم شعبے میں تمام تقرریاں اور توسیعات صرف اور صرف کارکردگی، اہلیت اور دیانت کی بنیاد پر کی جانی چاہئیں۔

اگر تعلیمی ادارے بھی سیاسی وابستگیوں کے زیر اثر چلائے جائیں گے تو نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔چودھری نذر حسین کی مدت میں توسیع نے آزادکشمیر میں سرکاری تقرریوں اور توسیحات کے معیار پر ایک مرتبہ پھر سوالات کھڑے کر دیئے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور نذر حسین کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع،نوٹیفکیشن جاری

Scroll to Top