خلاف میرٹ تقرریاں،ذیشان حیدر حکومت پر برہم، چیلنج کرنے کا اعلان

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر و امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے جہلم ویلی میں جاری خلافِ میرٹ، جعلی اور سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی تقرریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر ظلم، اقربا پروری اور نوجوانوں کے مستقبل سے بدترین مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے، اور سفارش و سیاسی وابستگی کو اہلیت اور قابلیت پر ترجیح دی جا رہی ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے زہرِ قاتل ہے۔

پڑھے لکھے، باصلاحیت نوجوانوں کو ان کا جائز حق نہ دینا ایک ایسا جرم ہے جس کے خلاف خاموشی مزید ناانصافی کو جنم دے گی۔

سید ذیشان حیدر نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد اس ظلم کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

عوامی طاقت سے وہ تمام دروازے بند کریں گے جو ناانصافی، کرپشن اور سیاسی مفاد پرستی کے لیے کھولے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم نوجوانوں کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ خطہ صرف چند خاندانوں کی جاگیر نہیں، بلکہ یہاں کا ہر نوجوان اس سرزمین کا برابر کا حقدار ہے۔ ہم میرٹ کی بحالی، شفافیت اور انصاف کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور عملی میدان میں اس ناانصافی کو چیلنج کریں گے۔
ماہ جولائی کیلئے ایل این جی قیمتوں میں ردوبدل ، نوٹیفکیشن جاری

Scroll to Top