مظفرآباد:الیکشن ٹربیونل سابق وزیر حکومت سردار قمرالزمان خان کی طرف سے وزیرزراعت وامورحیوانات سردار میر اکبر کیخلاف شرقی باغ دھاندلی کیس کا فیصلہ کل16 جولائی بروز بدھ سنائے گا۔
2021کے جنرل الیکشن میں سردار قمر الزمان خان کو وزیر حکومت سردار میر اکبر نے شکست دی تھی ،پی پی رہنما سردار قمر الزمان خان نے سردار میر اکبر پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے اس الیکشن کو چیلنج کیا تھا۔
گزشتہ روز وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پرالیکشن ٹربیونل نے فیصلہ محفوظ کیا۔ مارچ 2025 میں آزادکشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ 2021کے انتخابات میں سردار قمر الزمان خان اور سردار میر اکبر کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا تھا ، کچھ پولنگ سٹیشن پر بوتھ جلائے گئے تھے جس پر دوبارہ پولنگ بھی ہوئی تھی۔
دوبارہ پولنگ پر سرادر قمر الزمان خان سردار میر اکبر سے صرف 296ووٹوں سے ہارے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ کا شرقی باغ دھاندلی کیس کا2ماہ میں فیصلہ کرنیکا حکم، کیا الیکشن ہونے جا رہا ہے؟
ذرائع کے مطابق حلقہ شرقی باغ میں حیرت انگیز طور پر کئی پولنگ سٹیشن پر 90فیصد سے زائد پولنگ ہوئی ہے۔
سردار میر اکبر تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جبکہ سردار قمرالزمان نے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
دھاندلی ثابت ہوگئی اور سردار میر اکبر کونااہلی کا سامنا کرنا پڑا تو حلقہ میں دوبارہ الیکشن ہوسکتا ہے یا پھر ٹربیونل سردار قمرالزمان خان کو بھی کامیاب قرار دے سکتا ہے، دوبارہ الیکشن پر سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس حلقہ سے الیکشن لڑ کر دوبارہ اسمبلی میں آسکتے ہیں۔
سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے پر اور انکی سردار قمر الزمان خان معاملات طے پانے پر اب قومی امکان ہے اگر حلقہ میں دوبارہ الیکشن ہوا تو سردار تنویرالیاس پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
سردار تنویر الیاس نے گزشتہ الیکشن حلقہ وسطی باغ سے لڑ کر کامیابی حاصل کی تھی لیکن متنازعہ تقاریر پر ہائیکورٹ نے سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا تھا، انکی نااہلی سپریم کورٹ سے ختم ہوچکی ہے۔
دوسری طرف سردار میراکبر کے پاس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔