سماہنی سیکٹر میں واقع یونین کونسل باغسر بنڈالہ میں پاک فوج کی مقامی یونٹ کی جانب سے سانپ کے زہر سے بچاؤ اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایک جامع آگاہی مہم اور ریسکیو سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ حالیہ مون سون اور برسات کے موسم میں زہریلے سانپوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے پیش نظر یہ اقدام عوامی تحفظ کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کی زیرنگرانی، بنڈالہ، مہتکا اور نالی کے علاقوں میں “سانپ زہر سے بچاؤ ریسکیو سکواڈز” قائم کر دیے گئے ہیں، جو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کے لیے ہمہ وقت تیار ہوں گے۔
اس سلسلے میں ایک خصوصی تربیتی نشست بنڈالہ میں منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے طبی یونٹ کے ماہر ڈاکٹروں اور میڈیکل ٹیم نے مقامی کمیونٹی کو تفصیلی لیکچر اور عملی مشقوں کے ذریعے آگاہی فراہم کی۔ تربیت میں سانپ کی اقسام، زہریلے اور غیر زہریلے سانپوں میں فرق، کاٹے جانے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد اور ہسپتال یا ریسکیو سے فوری رابطے کے بارے میں مکمل رہنمائی دی گئی۔
ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ سانپ کے کاٹنے کے بعد گھریلو ٹوٹکوں سے گریز کیا جائے اور پیشہ ورانہ طبی امداد کو ترجیح دی جائے۔ رات کے وقت سفر یا کھیتوں میں جاتے ہوئے ٹارچ کا استعمال، گھروں کے آس پاس نگرانی، اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے شرکت کرنے والے افراد کو سانپ کے کاٹنے کے لیے ایمرجنسی کیٹس بھی فراہم کی گئیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری استعمال ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: چین خلا، چاند اور مریخ میں اجارہ داری قائم کرنے کی جانب گامزن!
مقامی افراد نے پاک آرمی کے اس بروقت اور موثر اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی مہمات نہ صرف انسانی جان بچانے میں مددگار ہیں بلکہ عوامی شعور بیدار کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔