’’شرارتی لڑکی ‘‘کانقاب اتر گیا، نرالے مجنوں نویدکو پولیس نے اپنامہمان بنا لیا

مظفرآباد:فیس بک پر ’’شرارتی لڑکی‘‘سمیت کئی جعلی آئی ڈیز بنا کر لوگوں کی عزتیں اچھالنے والا آخرکار قانون کے شکنجے میں آ گیا۔

تھانہ پولیس چھتر کلاس نے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا کر لوگوں کی عزتیں اچھالنے والوں کیخلاف دبنگ کارروائی،نوید ولد کبیر سکنہ نور پور نکراں کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں جعلی آئی ڈیز کے ذریعے لوگوں کی عزتیں اچھالنے کا سلسلہ عام ہے، شرارتی لڑکی کے نام پر بنی آئی ڈی سے عرصہ سے لوگوں کی عزتیں اچھالی جا رہی تھیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس کی سخت ہدایات کے تناظر میں اور بڑھتے ہوئے سائبر جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کی جانب سے دن رات محنت کا نتیجہ میں چھتر پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔

تھانہ پولیس چھتر کلاس کے ایس ایچ او واجد علوی نے ٹیم کے ہمراہ جدید تکنیکی حربوں کا استعمال کرتے ہوئے نوید ولد کبیر سکنہ نور پور نکراں کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیاجس سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

عوام علاقہ نے تھانہ پولیس چھتر کلاس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم نے شرارتی لڑکی اور دیگر ناموں کی آئی ڈیز بنا رکھی تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد جعلی آئی ڈیز سے لوگوں کی عزتیں اچھالی گئی ہیں (خاص کر خواتین کی) لیکن کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا ، اب امید ہے مزید لوگ بھی گرفت میں آئیں گے یا وہ بھی اس سے عبرت پکڑیں گے۔

Scroll to Top