میرپور: پاکستان پیپلز پارٹی میرپور سٹی کی تنظیم سازی اختلافات کا شکار ہوگئی ہے اور سابق معاون خصوصی وامیدوار اسمبلی چوہدری محمد اشرف نے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی میرپور سٹی کی تنظیم سازی کا نوٹیفکیشن آنے پر شدید اختلافات سامنےآگئے،سابق معاون خصوصی، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری محمداشرف نے سوالات اٹھاتے ہوئے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیدیا ہے۔
چوہدری محمد اشرف کا کہنا تھاکہ میرپور سٹی کی تنظیم سازی کا نوٹیفکیشن صدر پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین کی عدم موجودگی میں جاری کیا گیا جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ پارٹی صدر کی عدم موجودگی میں نوٹیفکیشن کیوں جاری کیا گیا؟
یہ بھی پڑھیں: راجہ فاروق حیدر کا تگڑا وار، پیپلزپارٹی لوہرنڑدھار کے درجنوں جیالے مسلم لیگ ن کے متوالے بن گئے
ان کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام پارٹی کی تنظیمی روایات، ضوابط اور قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس نوعیت کے فیصلے صدر کی منظوری اور متعلقہ کمیٹی کی مشاورت کے بغیر نہیں کئے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے چوہدری اشرف کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے اس نوٹیفکیشن پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے پارٹی میں پہلے سے موجود اندرونی اختلافات کو مزید گہرا کر دیا ہے اور کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کئی کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ پارٹی قیادت فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔
سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی سٹی میرپوراور چوہدری محمد اشرف کے فرزندچوہدری وقاص اشرف نے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عجلت میں نوٹیفکیشن جاری کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: معاون خصوصی یا مشیر کالالچ دیکرپری پول رگنگ کی تو سخت مزاحمت کرینگے ، پیپلزپارٹی کا اعلامیہ جاری
یاد رہےکہ چوہدری محمد اشرف گزشتہ دو الیکشن پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑچکے ہیں، 2015 میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں مسلم کانفرنس سے انہیں پیپلزپارٹی میں شامل کیا گیا تھااور ن لیگ نے بھی ان کی حمایت کی تھی لیکن بیرسٹر سلطان نے ہی کامیابی سمیٹی تھی۔
آمدہ انتخابات میں سابق وزیراعظم چوہدری مجید کے صاحبزادے چوہدری معیز مجید میرپور سٹی سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں اور ممکنہ طور پر انہوں نے ہی اپنی ٹیم کے لوگ آگے لائے ہیں جبکہ بیرسٹر گروپ کی شمولیت پر یہ حلقہ مزید ہلچل کا شکار ہوگا۔