مسئلہ کشمیر عالمی تنازعہ،بھارت کی کوئی بھی یکطرفہ تبدیلی قبول نہیں، رانا قاسم نون

 اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیرشاخ کے اعلی سطح وفد نے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اورانہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سےآگاہ کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چیئرمین رانا قاسم نون نے سینئر کشمیری رہنمائوں محمد فاروق رحمانی اور محمود احمد ساغر کی قیادت میں حریت رہنمائوں کی استقامت، قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، جس میں بھارت کی کوئی بھی یکطرفہ آئینی یا جغرافیائی تبدیلی ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں جاری آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازش ، شہری آزادیوں پر قدغن، اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں: متاثرین منگلا ڈیم کے جملہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں گے،رانا قاسم نون کی یقین دہانی

راناقاسم نون نے کہاکہ کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کو نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی ۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے افواج پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے تاریخی بیان کو دہرایاکہ اگر جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں دس جنگیں بھی لڑنی پڑیں، تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہید برہان مظفر وانی جیسے کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں تاریخ کا فخر ہیں ۔

حریت قائدین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور املاک کی غیر قانونی ضبطی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متاثرین منگلا ڈیم کے جملہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں گے،رانا قاسم نون کی یقین دہانی

انہوں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہیں، مگر انہیں علاج معالجے کی سہولیات سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے اور ان کے اہلخانہ کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

حریت وفد نے شبیر شاہ کی رہائی اور انہیں علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی کیلئے عالمی ضمیر، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور او آئی سی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔

حریت وفد نے کشمیری عوام کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ ملک خدادادپاکستان واحد ملک ہے جو ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی ترجمانی کرتا ہے۔

Scroll to Top