اسلام آباد: وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ان کے بیٹے مولانا اسجد محمود کی خیریت دریافت کی۔
ملاقات میں بنیان مرصوص کے بعد کشمیر کی تازہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوااکرم خان درانی بھی موجود تھے۔
وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے مولانا فضل الرحمان کی قومی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش ہیں جو ہندوستان کے بدترین مظالم کے سامنے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں۔
پاکستان کے عوام، جوان اور قوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیری عوام کے عزم و ہمت اور جذبے نے ہندوستانی عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہندوستان کی مذموم ہندوتوا آئیڈیالوجی کی تکمیل میں واحد رکاوٹ پاکستان ہے۔
اہل پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ایک مضبوط مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے مولانا فضل الرحمان کو سوینیئر بھی پیش کیا۔