وفاقی حکومت کا آزاد کشمیر کے صحافیوں اور پریس کلبز کے لیےخصوصی فنڈز مختص کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آزاد جموں و کشمیر کے صحافیوں اور ان کے پریس کلبز کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرے گی۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں کشمیر پریس کلب میرپور آزاد کشمیر کے صدر سید عابد حسین شاہ سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی تفصیلات پریس کلب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔

اس ملاقات میں صدر کشمیر پریس کلب میرپور نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر کے صحافیوں، بالخصوص میرپور پریس کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں صحافتی خدمات کی انجام دہی، میڈیا کے کردار اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق تفصیل سے گفتگو کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آزاد کشمیر کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور پریس کلبز کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا ہاؤسز کے مالکان سے بھی رابطے میں ہے تاکہ برطرف کیے گئے صحافیوں کو دوبارہ ان کے روزگار پر بحال کروایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اداروں کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو نکالنے جیسے اقدامات نہ کیے جائیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں کام کرنے والے صحافیوں اور ان کے پریس کلبز کے لیے آئندہ مالی سال میں خصوصی بجٹ مختص کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل ایران جنگ بندی کے بعد بڑا اعزاز: صدر ٹرمپ نوبیل امن انعام کے لیے نامزد

اس موقع پر صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے کلب کے لیے دی گئی مالی معاونت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا، جس سے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جدید تقاضوں کے مطابق بہتر انداز میں ادا کرنے میں مدد ملی۔

Scroll to Top