وادی لیپہ میں برائیلر مرغی کی قیمتوں نے عوام کے ہوش اُڑا دیے ہیں، جب کہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ مظفرآباد اور لیپہ کے درمیان صرف 93 کلومیٹر کے فاصلے کے باوجود قیمتوں میں زمین آسمان کا فرق عوامی تشویش کا باعث بن گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مظفرآباد شہر میں برائلر مرغ کا سرکاری نرخ 290 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم وادی لیپہ میں یہی مرغ 415 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ قیمتوں میں 125 روپے فی کلو کا یہ واضح فرق مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
مقامی شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ مظفرآباد سے لیپہ تک رسائی نہایت آسان ہے اور سڑکیں کارپٹڈ ہیں، ایسے میں اتنا بڑا فرق کس بنیاد پر ہے؟ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یا تو انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے یا پھر مخصوص حلقوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے سی پی ایل کیلئے دو پاکستانی کرکٹرز کا انتخاب کر لیا
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لیپہ میں بھی مظفرآباد کی طرز پر سرکاری نرخوں کا اطلاق یقینی بنایا جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔