واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہےاور اگلے 6 گھنٹوں میں حملے بند کردیئے جائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر یہ اعلان کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سب کو مبارک ہو، اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان اگلے 6 گھنٹوں بعد حملے بند کردیے جائیں گے جب دونوں ممالک اپنے جاری آخری مشن مکمل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ باضابطہ طور پر جنگ بندی کا آغاز پہلے ایران کریگا اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل بھی جنگ بندی شروع کردیگا جب کہ 24ویں گھنٹے پر ’12 روزہ جنگ‘ کے خاتمے کو دنیا بھر میں باقاعدہ طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
اپنی پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے دوران دونوں فریقین پرامن اور باعزت رویہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق چلا اور بالکل چلے گاتو میں اسرائیل اور ایران دونوں کو ان کی ہمت، استقامت اور دانشمندی پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ایسی جنگ کو ختم کیا جسے برسوں جاری رکھا جا سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’12 روزہ جنگ‘ برسوں جاری رہ سکتی تھی جو پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھیمگر ایسا نہ ہوااور نہ ہی ہو گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خدا اسرائیل اور ایران پر رحم کرے، خدا مشرقِ وسطیٰ ، امریکا اور خدا پوری دنیا پر رحم کرے۔