مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں آزادکشمیر سید بازل علی نقوی کی جانب سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو بے نظیر بھٹو شہید کے نام منسوب کرنے کی قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر’’ منظور‘‘ کر لی۔
وزیر حکومت سید بازل علی نقوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سابق وزیراعظم پاکستان دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قومی، ملی و عالمی خدمات کے اعتراف میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کو پہلے ایئرپورٹ کی طرح ان کے نام سے منسوب کرنے پر عملدرآمدگی کا مطالبہ کرتا ہے۔
کسی بھی ملک یا ریاست کی قیادت کے احترام میں ماضی کی اعلی روایات کو برقرار رکھا جاتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لہذا یہ معزز ایوان نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب کرنے کیلئے نوٹیفکیشن کی ضرورت پر زور دیتا ہے ۔۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو نے ملک کے ناقابل تسخیر دفاع،ایٹمی پروگرام کے تحفظ،آئین و قانون کی۔بالادستی،جمہوریت کے استحکام اور میزائل ٹیکنالوجی کے حصول میں گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔
سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ نے اپنے حالیہ ٹاک شو میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی قومی قیادت کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر وائلڈ لائف و فشریز سردارجاوید ایوب نے کہاکہ بینظیر بھٹو شہید تاریخ ساز شخصیت تھیں، ان کے مخالفین بھی انکی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔ معاون خصوصی خصوصی برائے قانون، قانون انصاف و پارلیمانی امور محترمہ نبیلہ ایوب نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید صرف جماعت کی نہیں بلکہ ایشیا کی نمائندہ تھیں۔۔
انہوں نے کشمیریوں کو او آئی سی میں نمائندگی دلائی۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے رولنگ دی کہ اس قرارداد کو وزیراعظم پاکستان، تمام صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اورسینیٹ کو ارسال کیاجائے۔
مظفرآبادضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس، ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ