امریکی سفیر

امریکی سفیر ڈوروتھی شیا نےاسرائیل پر دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگا دیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کے دوران امریکی سفیر ڈوروتھی شیا کی زبان پھسل گئی اور غیر ارادی طور پر اسرائیل پر دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگا بیٹھیں ۔ اس واقعے نے عالمی سفارتی حلقوں میں فوری توجہ حاصل کر لی ۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ڈوروتھی شیا سلامتی کونسل میں امریکی مؤقف پیش کرتے ہوئے ایران پر تنقید کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں، تاہم روانی میں ان کی زبان سے یہ جملہ ادا ہو گیا، ’’اسرائیل پورے خطے میں دہشت گردی اور افراتفری پھیلا رہا ہے۔‘‘ اس غیر متوقع جملے پر اجلاس میں شریک کئی مندوبین چونک گئے ۔

یہ بھی پڑھیں:نیتن یاہو پورے خطے کو تباہی میں دھکیلنا چاہتا ہے:رجب طیب اردوان

اپنی غلطی کا فوری احساس کرتے ہوئے امریکی سفیر نے فوراً اپنے بیان کی تصحیح کی اور کہا کہ وہ ایران کا ذکر کرنا چاہ رہی تھیں۔ اس پر انہوں نے جملے کو دہراتے ہوئے کہا، ’’ایران خطے میں دہشت گردی پھیلانے والا ملک ہے ۔ تاہم یہ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے اسے ’زبان کا پھسلنا‘ کم اور ’نادانستہ سچ کا اعتراف‘ زیادہ قرار دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات غیر ارادی طور پر حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے اب تک اپنی پوشیدہ صلاحیت کا 5 فیصد سے بھی کم استعمال کیا ،محسن رضائی

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب دنیا بھر میں اسرائیل کی پالیسیوں پر شدید تنقید بڑھ رہی ہے اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے ۔ اگرچہ امریکی سفیر نے اپنی لغزش کو فوری طور پر درست کیا، مگر یہ ویڈیو اور اس پر ردعمل عالمی میڈیا میں خبروں کی زینت بن گیا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ اس غیر ارادی بیان نے نہ صرف عالمی سفارتی حلقوں کو متوجہ کیا بلکہ دنیا کو ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اسرائیلی اقدامات پر سوال اٹھانے کا موقع فراہم کیا ۔

Scroll to Top