ہلاں کے ہائی اسکول کی زبوں حالی، طلباء بنیادی سہولیات سے محروم

حویلی آزاد کشمیر کی یونین کونسل ہلاں میں واقع بوائز ہائی اسکول جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محرومی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنہ 1990 میں تعمیر کی گئی اسکول کی یہ عمارت اب کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے جبکہ طلباء کو فرنیچر، چھت اور دیگر ضروری سہولیات کے بغیر تعلیم حاصل کرنا پڑ رہی ہے۔
شدید بارشوں کے دوران بھی مستقبل کے معمار کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں، کیونکہ اسکول کی خستہ حال عمارت زلزلے میں تباہ ہونے کے بعد سے آج تک دوبارہ تعمیر نہ کی جا سکی۔ درسگاہ میں نہ صرف پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں بلکہ 9 تدریسی آسامیوں کے خالی ہونے کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیری کاکڑائی کے رہائشی پانی کی قلت سے پریشان، طویل فاصلے سے پانی لانے پر مجبور

ہزاروں کی آبادی والے اس علاقے کے مکینوں نے حکومت وقت اور محکمہ تعلیم سے فوری طور پر اساتذہ کی فراہمی اور اسکول کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے تاکہ طلباء کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top