ہٹیاں بالا:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام لائن آف کنٹرول چکوٹھی میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی ۔
ریلی میں سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر ،امیرجماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق ،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے شرکت کی۔
پی پی رہنما صاحبزادہ اشفاق ظفر، پرویز شاہ،شوکت جاوید میر،ذیشان حیدر،اشفاق مجید ،مشتاق السلام،زاہد اشرف ،راجہ خادم ،عبد الحمید لون، عزیر احمد غزالی،زاہد صفی ودیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے بھارتی چوکیوں کے سامنے پاکستان اور آزاد کشمیر کے سیکڑوں جھنڈے،پاک فوج،پاکستان کے حق اور بھارت مخالف پلے کارڈ،بینرز اٹھائے جیوے جیوے پاکستان،تیری جان میری جان پاکستان،پاکستان،مسلح افواج پاکستان،فیلڈ مارشل عاصم منیر زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ امن کیلئے جموں و کشمیر میں فوری اپنا مشن بھیجے،کل جماعتی حریت کانفرنس
ریلی کے شرکاء نے لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کرکے فرائض سر انجام دینے والے پاک فوج کے افسروں ،جوانوں پر گل پاشی کرکے کامیابی پر مبارکباد دی اور گلدستے پیش کئے۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان کی بہادرمسلح افواج،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دینے پر دونوں اطراف کی کشمیری قوم سلام ،خراج تحسین ،مبارکبادپیش کرتی ہے۔
سفارتی محاز پر ہندوستان کو ہزیمت دلوانے پر وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،سرینگر ہمارے خوابوں کی سرزمین ہے ہماری اصل منزل وہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں بھی ایک دن آزادی کی نعمت نصیب ہوگی سیز فائر لائن کی منحوس لکیر ٹوٹے گی وہ دن اب زیادہ دور نہیں ہے۔
پاک بھارت جنگ نے ہندوستان کے خطے میں چوہدری بننے کا خواب ریزہ ریزہ ریزہ کرکے رکھ دیا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان نے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیکر اس کا غرور خاک میں ملایا۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد سے چکوٹھی تک موٹرسائیکل ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز ہے، مسلح افواج پاکستان نے بھرپور جواب دیکر کشمیریوں کے حوصلوں کو نئی جلا بخشی جس سے مسئلہ کشمیر بین الاقومی سطح پر فلش پوائنٹ بن گیا۔
مقررین نے کہا کہ بین الاقومی برادری فوری طور پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے جنوبی ایشیا میں اسی وقت پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے جب مسئلہ کشمیر، کشمیر ی عوام کی مرضی کے مطابق حل ہو گا۔