بھارتی آرمی چیف جتنی مرضی پراتھنا کرالیں حشر لیموں والے رافیل والا ہی ہوگا، راجہ فاروق حیدر

چکار:آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ہندوستانی آرمی چیف پنڈت سے جتنی مرضی پراتھنا کرالے حشر وہی ہوگا جو مرچ اور لیموں والے رافیل کے ساتھ ہوا ،اسلام دین حق، قرآن اللہ کی کتاب اس کا مقابلہ شیطانی قوتیں نہیں کرسکتیں۔

چکار کے علاقے سلمیہ میں مدرسہ عبداللہ بن حذیفہ ؓ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی علماء کی اکثریت وہاں کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمانی نہیں کرتی۔

مسلمان اور غیر مسلم کے درمیان جنگ میں قطعی طور پرغیر مسلم کی سپورٹ نہیں کی جاسکتی اور اویسی جتنے مرضی جتن کرلیں وہ اور دیگر ایسا علماء جو مودی کی چاپلوسی کرکے مفاد حاصل کرنا چاہ رہے ہیں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ نا اس نے وقف کا قانون واپس لینا ہے نا ہی ان کو کوئی رعایت دینی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رافیل کی ناکامی پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ،بھارت فرانسیسی کمپنی سے لڑ پڑا

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا ایجنڈا ہے کہ ہندوستان میں موجود ہر مسجد کے نیچے مندر ہے، پاکستان اور آزادکشمیر کے علماء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس موقع پر حق کی ترجمانی کرتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کریں اور ان کے پروپیگنڈاکی مذمت کرے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منبر پر بیٹھنے والے شخص کا کردار دوسروں کے لیے مثال ہونا چاہیے ،یہ نبی رحمت کا منبر ہے ،جب عالم دین غلطی کرتا ہے تو اس کا اثر بہت زیادہ ہوتا ہے، عام آدمی کی غلطی کو معاشرہ اتنا سنجیدہ نہیں لیتا علما،حفاظ کا کردار معاشرے کے لیے مشعل راہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ علماء حقوق العباد،رشوت ،چوری،اور رزق حلال کے حوالے سے لوگوں کی تربیت کریں، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کا سر فخر سے بلند کیا۔

پاکستان اس وقت پوری امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر اور عسکری لحاظ سے نیوکلیئر بم کا حامل واحد ملک ہے جس پر مسلم دنیا فخر کرتی ہے اس کے خلاف کفار کا ساتھ دینا اور ان کی کامیابی کی دعائیں مانگنا میرے خیال میں غیر شرعی عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رافیل طیاروں کی مایوس کن کارکردگی پر بھارت اور فرانس کے مابین الزام تراشیوں اور محاز آرائی کا آغاز

انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں لوگوں نے اول سے ہی مشکلات مصائب و الم کا سامنا کیا مگر کفر کی زبان پر لبیک نہیں کہا مشکلات آزمائش ہیں ہندوستان کے مسلمانوں نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک مشکل ترین حالات کا سامنا کیا۔

ان سب سے زیادہ دلیر تو وہ خاتون نکلی جس نے سینکڑوں اوباش نوجوانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرتے ہوے نعرہ تکبیر لگایا ۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو جس کو اپنی طاقت کا زعم تھا اور اس کی وجہ سے وہ کسی کو خاطر میں نہیں لاتا تھا کوایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ ابھی تک زخم چاٹ رہا ہے ۔

Scroll to Top