اسلام آباد: ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو نے کہا ہے کہ ترکیہ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ترکیہ ہر فورم پرکشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے آواز اُٹھاتا رہیگا اور ترکیہ آزادکشمیر میں تعلیم اور دیگرمختلف شعبوں میں کام کر یگا۔
صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلوسے تفصیلی ملاقات میں کی اس موقع پر ملاقات میں ترکش سفارتخانے کی قونصلرمسز یپرک ایس بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے ترک سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے لہذا ہمیں امید ہے کہ ترکیہ آئندہ بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ترکیہ مخالف مہم، پاکستانی تاجروں کا ترکیہ کی حمایت میں اہم اعلان
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ نے کھل کر کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اور بھارت کی طرف سے پاکستان پر کیے گئے حملے کی بھرپور مذمت کی ہے جس پر ہم ترکش حکومت اور عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
ترکیہ آزادکشمیر میں تعلیم اور دیگر شعبوں میں کام شروع کرے ہم ہرسطح پر اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون کریں گے۔
بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے، ترکیہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر جو ثالثی کی پیشکش کی ہے اس بار کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو نے بیرسٹر سلطان محمود کو یقین دلایا کہ ترکیہ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت بھارتی پروپیگنڈے کیخلاف عالمی سطح پر متحرک، ترکیہ، یونان اور سویڈن کی حمایت مل گئی
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلونے مزید کہا کہ ترکیہ آزادکشمیر میں تعلیم اور دیگرمختلف شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے۔
صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان نے ترکیہ کے سفیرڈاکٹر عرفان نیزرو گلو کو یقین دلایا کہ ترکیہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرے اس سلسلے میں ہم ہر طرح کی سہولیات، مدد اور تعاون فراہم کریں گے۔