مظفرآباد میں شہداء کو خراجِ عقیدت، آج شٹرڈاؤن اور جلسے کا بڑا اعلان

مظفرآباد :جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آج اپراڈاہ لال چوک مظفرآباد میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا مقصد ایک سال قبل سستا آٹا، سستی بجلی تحریک میں شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

جلسے میں آزاد کشمیر کے تمام دس اضلاع سے تاجر، وکلاء، سول سوسائٹی اور دیگر مکاتب فکر کے افراد مظفرآباد پہنچ رہے ہیں۔ جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ دارالحکومت کے تمام بازار آج سہ پہر تین بجے مکمل طور پر بند ہو جائیں گے، جبکہ چار بجے تک جلسہ گاہ (بنگال) کو سجا دیا جائے گا۔

آزاد کشمیر بھر سے قافلے دوپہر 12 بجے کے بعد مظفرآباد میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ مظفرآباد کی تاجر برادری نے مہمانوں کے استقبال کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جبکہ شہر کے تمام بڑے ہوٹلوں میں آنے والے افراد کے لیے مفت کھانے اور رہائش کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔

ہوٹل مالکان کی جانب سے رات گئے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں اس اقدام کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ دوسری جانب اپراڈاہ لال چوک کی صفائی بھی رات کے آخری پہر مکمل کر لی گئی جہاں درجنوں افراد نے مل کر پانی سے دھو کر جلسہ گاہ کو مکمل طور پر صاف کیا۔

شہریوں میں جلسے کے حوالے سے جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور مختلف طبقہ ہائے فکر کی شرکت سے یہ اجتماع ایک بڑا عوامی مظاہرہ ثابت ہونے جا رہا ہے۔

Scroll to Top