اسلام آباد : فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کی باوقار تقریب آج شام ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق یہ خصوصی تقریب ایوان صدر میں شام آٹھ بجے منعقد ہو گی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان عسکری و سیاسی قیادت شرکت کرے گی ۔
فوجی اور سیاسی قیادت کی اس تقریب میں شرکت پاک فوج کے ادارہ جاتی تسلسل اور قیادت کی قومی سطح پر پذیرائی کا مظہر ہے۔ واضح رہے کہ یہ تقریب گزشتہ روز منعقد ہونا تھی تاہم خضدار حملے کے باعث فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں یادگار شہداء پر خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں سید عاصم منیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں، یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔‘
یاد رہے کہ سید عاصم منیر دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے جبکہ صدر جنرل ایوب خان 1959 میں فیلڈ مارشل بنے تھے۔
فیلڈ مارشل فوج میں اعلیٰ ترین عہدہ ہے، عہدے پر فائز شخص فائیو اسٹار جنرل اور سینئر ترین آرمی افسر ہوتا ہے، یہ ایوارڈ غیر معمولی، مثالی قیادت اور خدمات کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔