برطانیہ کی سیاسی تاریخ میں کشمیری نژاد پاکستانیوں کے لیے ایک منفرد اور تاریخی لمحہ سامنے آیا ہےجب ممتاز کشمیری نژاد شخصیت اور دو مرتبہ میئر منتخب ہونے والے ڈاکٹر زاہد چوہان کو ’’اعزازی فری مین آف دی بارو آف اولڈھم‘‘ کا اعلیٰ شہری اعزاز دیا گیا۔
یہ اعزاز اولڈھم کونسل کے سالانہ اجلاس میں متفقہ فیصلے کے تحت دیا گیاجو کہ اولڈھم کی طرف سے دیا جانے والا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ یہ اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے کمیونٹی کی غیر معمولی خدمت کی ہو۔ ڈاکٹر زاہد چوہان کی دہائیوں پر محیط عوامی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ افتخار ہے۔
ڈاکٹر زاہد چوہان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی کونسل کی طرف سے دیا جانے والا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے، جو اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے بارو اور اس کی کمیونٹیز کی مثالی خدمت کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ “میں اولڈھم کا پہلا ایشیائی ہوں جسے یہ اعزاز دیا گیا ہے”۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس اعزاز کی باضابطہ تقریب سال کے آخر میں منعقد ہوگی اور انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے اس سفر میں ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز عوامی خدمت اور کمیونٹی کی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے اور وہ فخر کے ساتھ اس اعزاز کو اپنے لوگوں کے نام کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے لوگ بہترین اوررہنما عظیم ہیں،ٹرمپ کا تازہ بیان
واضح رہے کہ ڈاکٹر زاہد چوہان برطانیہ میں بے گھر افراد کی مدد کے لیے قائم چیریٹی “ہوم لیس فرینڈلی” کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی خدمات کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتے ہیں اور انہیں ملکہ برطانیہ کی جانب سے OBE (آرڈر آف دی برٹش ایمپائر) کا اعلیٰ اعزاز بھی مل چکا ہے۔




