اسلام آباد:پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں اُنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی جن میں کارپوریٹ سطح کے روابط، دفاعی تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال شامل تھیں۔ دونوں شخصیات نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اور مکمل آپریشنل تیاری کو ناگزیر قرار دیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چینی سفیر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور آزمودہ بنیادوں پر قائم ہیں، جو باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن کے مشترکہ خواب پر استوار ہیں۔ اُنہوں نے دونوں ممالک کو “آئرن برادرز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوا ہے۔
ایئر چیف نے چین کے مسلسل تعاون اور دوستی پر اظہار تشکر کیا اور دفاعی شعبے میں چین کے کردار کو سراہا، خصوصاً انسانی وسائل کی تربیت، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق و ترقی کے میدان میں۔ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی روابط کو باقاعدہ بنانے، مشترکہ مشقوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور اجتماعی خطرات سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی فریم ورک پر پیشرفت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چینی سفیر نے حالیہ مشرقی سرحدی کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُسے قومی دفاع سے وابستگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا مظہر قرار دیا۔ اُنہوں نے چینی ساختہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور مقامی وسائل سے دفاع کو مضبوط بنانے میں پاک فضائیہ کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا امریکا میں جدید دفاعی ڈھال ’گولڈن ڈوم‘ لگانے کا فیصلہ
چینی سفیر نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کی پالیسی کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ چین، پی اے ایف کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی ترقی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور اس سفر کو جاری رکھ کر پاکستان کی دفاعی طاقت مزید مستحکم ہو گی۔