آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں آج شام گرج چمک، تیز ہواؤں اوربارش کی پیشگوئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔ نیلم ویلی، وادی لیپہ، باغ، ہٹیاں بالا، راولا کوٹ اور مظفرآباد سمیت بالائی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آندھی اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
گزشتہ روز مری کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی، گرج چمک اور بارش ہوئی جس کے باعث متعدد مقامات پر درخت، سائن بورڈز اور چھتیں گر گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اس موسمی صورتحال کے باعث مری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور درخت گرنے کے باعث اپر دیول جانے والی سڑک بھی بلاک ہو گئی تھی جسے متعلقہ حکام نے بحال کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج شام تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب کے شہروں جیسے مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم کے علاوہ لاہور، سرگودھا، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش متوقع ہے۔ وسطی پنجاب کے میدانی علاقوں جیسے فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ اور بھکر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے شدید گرمی میں کچھ کمی آئے گی۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ، کرم، وزیرستان، بنوں، کوہاٹ، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور بٹگرام جیسے بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان بھی ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں دوپہر کے وقت تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ بلوچستان میں بھی زیادہ تر اضلاع میں درجہ حرارت بلند اور موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 26 مئی سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، مشن مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی،مصطفیٰ کمال
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خاص طور پر آندھی اور گرد آلود طوفان کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کسانوں اور مسافروں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بدلتے موسمی حالات کی وجہ سے چوکس رہیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
آئندہ چند روز میں ملک کے زیادہ تر شمالی اور وسطی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم رات کے وقت بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔



