بھارتی ہائی کمیشن کاعہدیدار ناپسندیدہ قرار،24گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکا حکم دیدیا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اہلکار سفارتی حیثیت کے منافی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ متعلقہ بھارتی اہلکار کو 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے ایک اہلکار کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی ناظم الامور کو اس حوالے سے ڈی مارش کیا گیا ہے،دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھارتی پنجاب میں دو افراد کو مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں افراد پر پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کے لئے جاسوسی کا الزام ہے۔ ایک ملزم پر بھارتی فوج کی نقل و حرکت کی معلومات لیک کرنے کا الزام ہے۔

بھارتی میڈیا نے بتایاکہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار دو افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاکستانیوں کا احتجاج: جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کا عزم

 

 

Scroll to Top