نیلم، کنڈل شاہی، جورامیں ڈرونز کی پرواز پر الرٹ جاری،بٹل سیکٹر پربھارتی علاقوں میں بلیک آئوٹ

نیلم، تتہ پانی: وادی نیلم کے علاقےکنڈل شاہی اور جورا سمیت مختلف علاقوں میں رات ساڑھے9 بجے ڈرونز کودیکھا گیا جس پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ تتہ پانی بٹل سیکٹر پربھارتی علاقوں میں بلیک آئوٹ کیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کورات ساڑھے9بجے کنڈل شاہی اور جورا کے مختلف مقامات پر روشنی کے گولے /ڈرون کو دیکھا گیا ہے جو سرویلنس ڈرون یا UAV کہلاتے ہیں۔

ان ڈرونز کا مقصد جاسوسی، نگرانی یا انٹیلی جنس اکٹھی کرنا ہوتا ہے ،یہ ڈرون عمومی طور پر عام شہریوں کے لیے خطرے کا باعث نہیں ہوتے مگر حالیہ کشیدگی میں ان کا استعمال چھوٹے پیمانے پر حملہ کرنے اور دیگر سرویلنس کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرشہریوں کو آگاہی دی گئی ہے کہ یہ ڈرون USB کی طرح یا کو ئی چھوٹی دھات کی پلیٹ نماچیز زمین پر پھینک سکتے ہیں۔

اگر کہیں ڈرون رک کر ایسی کوئی چیز زمین پر پھینکے تو فوراًمتعلقہ اداروں فوج، پولیس ، شہری دفاع یا ریسکیو 1122 کو دیں اور پھینکی جانے والی کسی بھی چیز کے نہ تو پاس جائیں نہ چھوئیں اور نہ ہی گھر لانے کی کوشش کریں۔

ایسی صورت میں جب شہریوں کو یہ فضا میں نظر آئیں تو ذمہ داران کو اطلاع کریں مگر کسی بھی پریشانی یا بوکھلاہٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

اگر یہ ڈرون فضا میں ہی ہے تو بالکل خیر ہے تاہم اگر یہ بجانب زمین آرہے ہوں تو کسی محفوظ جگہ مثلا درخت یا پہاڑ کی اوٹ وغیرہ میں پناہ لی جائے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں شعور اور سمجھداری سے مشکل حالات کا مقابلہ کریں۔

ادھرتتہ پانی بٹل مدارپور سیکٹر میںبھارتی زیر قبضہ علاقوں میں مکمل بلیک آئوٹ کیا گیا ہے۔کنٹرول لائن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بلیک آئوٹ کیا گیا، جنگ بندی کے باوجود بھارت نے بلیک آئوٹ کیوں کیا اسکی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی اور گولہ باری کے بعد جنگ بندی ہوچکی اس کے باوجود بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا اور ایل اوسی پرخلاف ورزیاں بھی کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہ ہونیوالا ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400کیا ہے ؟ کتنے ٹائم میں فعال ہوتا ہے؟

Scroll to Top