آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص کی کامیابی پر ملک بھر میں آج یومِ تشکر منانے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بُنیانِ مرصوص کی کامیابی پر آج بروز اتوار ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔ یہ دن افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے، قوم کے اتحاد اور حوصلے کو سراہنے اور اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بُنیانِ مرصوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل مگر مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔ وزیراعظم نے اپیل کی کہ قوم، بالخصوص علمائے کرام، آج ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور شہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔ پاکستانی شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو خاموش کر دیا، جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہو کر لڑتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دی اور غیور عوام کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستانی ایک خوددار قوم ہیں۔ اگر کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کیا وہ بلاجواز جنگ تھی۔ ہماری افواج نے پیشہ ورانہ انداز میں بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ابتدا سے ہی غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی اور مسلسل تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن جب دشمن نے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش کی تو اسے اسی زبان میں جواب دیا گیا جسے وہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی توپوں کو خاموش کر دیا۔ دشمن کے رافال طیارے بھی ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آ کر ناکام ہو گئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف ہمارے جوانوں کا لہو کھول اٹھا اور بھارت کے ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئےاور پھر پاکستان نے اصولوں کی بنیاد پر فتح حاصل کی۔ یہ لمحہ شکر کا ہے، جس میں قوم نے افواج پاکستان پر محبت کے پھول برسائے۔

آپریشن بُنیانِ مرصوص: دشمن کے خلاف بھرپور کارروائی:

خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بُنیانِ مرصوص (آہنی دیوار) کے دوران بھارت کے 10 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔کارروائی میں آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئربیسز اور فیلڈز کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ایئرفیلڈز بھی تباہ کیے گئے۔

پاکستانی میزائل سسٹم کے ذریعے کئی بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آدم پور میں جے ایف-17 تھنڈر کے ذریعے ہائپرسونک میزائل فائر کر کے ایس-400 ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ کیا گیا، جس کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

اس کارروائی کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی قائم ہو گئی۔

Scroll to Top