پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی اور پروازوں کے بہتر نظام الاوقات کے باوجود آج اتوار کو ملک بھر میں 150 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے 45، لاہور سے 38، اسلام آباد سے 40، ملتان سے 10، پشاور سے 11 اور سیالکوٹ سے 6 پروازیں اتوار کو آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
منسوخ شدہ پروازوں میں سے 138 بین الاقوامی ہیں جبکہ درجنوں پروازیں غیر یقینی کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ملکی فضائی حدود تمام قسم کی پروازوں کیلئے عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم بھی جاری کیا گیا۔
بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی 450 پروازیں متاثر ہوئیں۔
گزشتہ روز حاجیوں کی پروازوں سمیت دبئی، دوحہ، شارجہ، کوالالمپور، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور آنے اور جانے والی 150 پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔