برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی ترجیح ہمیشہ امن رہی ہے، لیکن اب بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بین الاقوامی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے بارہا پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اس پر کوئی سنجیدہ ردعمل نہیں دیا۔ ان کے مطابق پاکستان امن کا خواہاں تھا، لیکن بھارتی اقدامات کے باعث صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کونسل اور کئی دیگر ممالک کی جانب سے بھارت کو کشیدگی میں کمی لانے کا مشورہ دیا گیا تھا، مگر بھارت نے ان میں سے کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہمارے ملک پر میزائل پھینکے جا رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے حالات میں بھارت سے کسی بھی قسم کے تعاون کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر بھارتی ڈرون جارحیت میں اضافہ، پاک فوج نے والٹن روڈ پرمزید 3، راولپنڈی میں 2 ڈرونز مار گرا دیے
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات سے خوفزدہ ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی کھلی پیشکش کے باوجود گریز کر رہا ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ بھارت کے حملوں کے بعد اب خاموش رہنا ممکن نہیں، اور اس کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔