لاہور اور کراچی کی فضائی حدود بحال، ملک بھر میں معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے لاہور اور کراچی کی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کر دی ہیں، جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے نیا نوٹم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پی اے اے کے مطابق آپریشنل پابندیوں کے باعث فضائی حدود کو عارضی طور پر 48 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا تھا، تاہم اب رات کو لگنے والی یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے اور متاثرہ فضائی راستے مکمل طور پر دستیاب ہیں۔

جاری کردہ نوٹم میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ پروازوں کے شیڈول اور راستوں سے متعلق حتمی فیصلے کا اختیار ایئرلائنز کو حاصل ہے۔

ادھر بھارتی حملے کے باوجود ملک کے تمام شہروں میں معمولاتِ زندگی بغیر کسی خوف کے جاری ہیں۔ شہریوں نے بہادری اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی ہوئی ہیں۔

بہاولپور میں بھارتی جارحیت کے باوجود شہریوں نے حملے کا نشانہ بننے والی مسجد میں فجر کی نماز ادا کی۔ اسی طرح مریدکے میں رات گئے ایک مسجد پر کیے جانے والے حملے کے باوجود علاقے کے لوگ حوصلہ بلند رکھے ہوئے ہیں۔ صبح ہوتے ہی انہوں نے اپنے معمولاتِ زندگی کا آغاز کیا، دکانیں کھولیں اور روزمرہ سرگرمیاں شروع کر دیں۔

کراچی میں بھی شہریوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، جہاں عوام بھرپور انداز میں پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔

لاہور میں بھی معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں، بازار اور مارکیٹیں کھلی ہیں اور شہریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بھارتی حملے کے باوجود قوم کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی، عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top