کمشنر پونچھ کا تمام ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پونچھ ڈویژن کے چاروں اضلاع پونچھ، سدھنوتی، باغ اور حویلی کے انتظامی اور پولیس آفیسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

انہوں نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ لائن آف کنٹرول کے قریب آباد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور محفوظ مقامات پر منتقلی، ریلیف، طبی سہولیات اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی تیاری کا مؤثر نظام فوری نافذ کیا جائے۔

کمشنر مسعود الرحمن نے کہا کہ ریاست نے ہمیں جو ذمہ داریاں سونپی ہیں، انہیں دیانتداری اور بھرپور جذبے کے ساتھ نبھانا ہوگا۔ یہ وقت ہے کہ ہم حب الوطنی کے جذبے کے تحت اپنی تمام تر توانائیاں ریاست اور عوام کی خدمت میں وقف کریں۔

کمشنر پونچھ مسعودالرحمن کا کہنا تھا کہ یہ وقت قومی یکجہتی، عزم، فرض شناسی اور قربانی کا ہے، اور ہر آفیسر کو اپنے فرائض منصبی کو عبادت سمجھ کر ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار کمشنر پونچھ نے یہاں آفیسر کلب راولاکوٹ میں ڈویژن کے چاروں اضلاع سے آئے ہوئے ڈپٹی کمشنرز، سپرنٹینڈنٹ پولیس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ پولیس سمیت انتظامی اور پولیس کے آفیسران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اجلاس سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی پاک مٹی سے محبت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ نہ صرف بیرونی دشمن کے خلاف تیار ہیں بلکہ ریاست کے اندرونی چیلنجز سے بھی نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ باہمی روابط کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ موجودہ حالات میں بروقت اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ داخلی سطح پر امن و امان برقرار رکھنا اور عوام میں اعتماد پیدا کرنا ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیےاس سے قبل ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق ، ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی ، ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت خان ، ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران نے موجودہ صورتحال میں اپنی اپنی تیاریوں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔

Scroll to Top