آزاد کشمیر سمیت شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد : ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کچھ علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں صبح کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دن کے باقی حصے میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ مظفرآباد کا درجہ حرارت آج زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے ۔

کوٹلی، راولاکوٹ اور باغ میں بھی صبح کے وقت بادل چھائے رہے اور ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں شام کے وقت مزید بارش متوقع ہے۔ کوٹلی میں بارش کے امکانات 70 فیصد تک بتائے جا رہے ہیں جبکہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ باغ اور راولاکوٹ میں بھی بارش کا امکان 50 فیصد کے قریب ہے، جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی بات کی جائے تو اسلام آباد میں شام کے وقت بادل چھا سکتے ہیں اور ہلکی بارش متوقع ہے۔ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بارش کے امکانات 40 فیصد تک بتائے جا رہے ہیں جبکہ لاہور میں موسم گرم اور خشک ہے اور فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد اور یو وی انڈیکس 8 یعنی زیادہ درجے پر ہے۔ کراچی میں موسم مرطوب اور گرم ہے، جہاں سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

پشاور میں آج بھی شدید گرمی ہے، تاہم شام کے وقت بادل چھا سکتے ہیں۔ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اور بارش کے امکانات 20 فیصد کے قریب ہیں۔ کوئٹہ میں موسم نسبتاً خوشگوار ہے اور ہوائیں چل رہی ہیں۔ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کی توقع ہے، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top