مظفرآباد میں پولیس چوکی کوہالہ نے ایک اور ڈکیتی کا سراغ لگا کربروقت اور مؤثر کارروائی کی اوربائیکیا سروس کے ایک رائیڈر کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کی موٹر سائیکل و موبائل فون چھیننے والے دو رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق SHO تھانہ سیکرٹریٹ نے چوکی کوہالہ کو اطلاع دی کہ ان کی حدود میں دو ملزمان نے زرین نامی بائیکیا رائیڈر، جو منڈی محلہ پلیٹ مظفرآباد کا رہائشی ہے، کو بک کیا اور امبور کے مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی موٹر سائیکل چھین لی۔ اطلاع ملتے ہی چوکی انچارج کوہالہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نفری کے ہمراہ مشتبہ افراد کی تلاش شروع کی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ڈکیت گروہ کے دونوں کارندوں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت احتشام ولد امیر لون ساکن مہاجر کیمپ راڑو، نزد الشفاء ہسپتال، اور حارث عباسی ولد گل زرین عباسی ساکن بیروٹ مری کے طور پر ہوئی۔ دونوں ملزمان مظفرآباد میں واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے رائیڈر سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور موبائل امبور کے ایک مقام پر چھپا رکھے تھے، جہاں سے پولیس نے دونوں اشیاء برآمد کر لیں۔ گرفتار ملزمان کو اعلیٰ افسران کی اجازت سے تھانہ سیکرٹریٹ مظفرآباد کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ آزادیِ صحافت: سچ کی قیمت، خاموشی کے بیچ بلند ہوتی آوازیں
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چوکی پولیس کوہالہ نے دلائی سلائیڈنگ کے مقام پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کرنے والے ڈکیت گروہ کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ کے سپرد کیا تھا۔